کراچی:صدر مملکت آصف زرداری کاکہنا ہے کہ پاکستان چین کے گہرے اور تاریخی برادرانہ تعلقات اور خیالات ہیں، پاکستان اور چین کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعاون فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بلاول ہاؤس میں چین کے کاروباری وفد سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے، پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔
صدر مملکت نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین کئی دہائیوں پر محیط گہری دوستی ہے،چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
آصف زرداری نے کہاکہ دونوں ممالک کے عوام بالخصوص سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانا ہوں گے۔
وفد نے ملکی شعبہ صحت کی ترقی کیلئے پاکستان میں میڈیکل سٹی کے قیام کیلئے 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص زراعت، لائیو سٹاک، توانائی، ٹرانسپورٹ اور مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔

