اسلام آباد:وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ صحافی حضرات ہمیں معاشرے کی نبض بتاتے ہیں، آئین بھی اظہار رائے کی آزادی دیتا ہے، ہمیں ایک تحمل و برداشت والا معاشرہ چاہیے، حکومت نے ایسے عناصر کے خلاف جو صحافیوں کے خلاف ٹرولنگ کررہے ہیں، انکوائری کا حکم دیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی کی زیرِصدارت ایوان بالا کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئےوفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ نارکوٹس کے کنٹرول کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس کام کر رہی ہے، اینٹی نارکوٹکس کے تحت کارروائیوں میں لاکھوں ٹن نشہ تلف کیا جا چکا، پاکستان میں اس حوالے سے سزاﺅں کی شرح بھی زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نشے سے متاثرہ افراد کے لیے بحالی سینٹروں کیلئے قانون بنایا گیا ہے، 27سالوں سے ایک قانون موجود ہے لیکن کارکردگی خوش آئند نہیں، قانون کے تحت صوبوں نے بحالی سینٹرز پر کام کرنا تھا۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ نشے سے متعلق قانون کے تحت سزاﺅں پر اچھی پیشرفت ہے، بدقسمتی سے نشے سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے پیشرفت نہیں۔ فیصلہ کیا ہے کہ یہ معاملہ وزیراعظم کے نوٹس میں لاﺅں گا، معاملہ کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا اور صوبوں سے بھی بات ہوگی۔

