ٹنڈوجام(نمائندہ جسارت )انجمن تاجران پاکستان کے صدر کاشف چودھری نے کہا ہے اگر حکمرانوں کی عیاشیاں ختم ہو جائیں تو ملک معاشی بحران سے نکل آئے عوام کو اسٹاک ایکسچیج سے اعداد وشمار سے کوئی مطلب نہیں جب تک کہ مہنگائی کم نہیں ہوتی 25 فیصد گیس میں اضافہ سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا۔ یہ بات انہوں نے ٹنڈوجام انجمن تاجران کے اپنی اعزاز میں دیے جانے والے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا وہ سندھ کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ تاجر برادری کے مسائل کو حکمرانوں کے سامنے بھرپور انداز میں رکھ کر ان کو حل کرنے کے لیے کوشش کی جائے ۔ انہوں نے کہا اس وقت ملک میں جو معاشی بحران بتا کر عوام اور تاجر برادری کے گلے پر آئے دن ٹیکسوں کی چھری پھیری جاری ہے یہ سب ٹوپی ڈرامہ ہے اگر ملک میں معاشی اور ملک بحران ہے تو پھر پنجاب اسمبلی نے اپنی مراعاتوں اور تنخواہوں میں کیوں اضافہ کیا اگر یہ اضافہ ضروری ہے تو اتنا ہی اضافہ ہر سرکاری ملازم کی تنخواہوں میں کیا جائے انہوں نے کہا اگر حمکران اپنی عیاشیاں ختم کرلیں تو ملک سے معاشی اور مالی بحران ختم ہو جائے انہوں نے موجودہ اسمبلی کے راکین کو اعلان کرنا چاہیے وہ کوئی تنخواہ اور مراعات نہیں لیں گے جب تک ملک سے معاشی بحران ختم نہیں ہو جاتا اور ایسا اراکین اسمبلی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا 25 فیصد گیس میں اضافہ سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا اور تاجربرادری اور عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔ اس موقع پر کوئٹہ کے صدر عبدالقیوم آغا اور ٹنڈوالٰہیار حیدرآباد اور آزاد کشمیر اور کراچی کے تاجر رہنما بھی موجود تھے ٹنڈوجام پہنچنے پر انجمن تاجران کے صدر عبدالمنان راجپوت جنرل سیکرٹری نادر حسین گدی بلال قائم خانی احسن راجپوت اکبر راجپوت سمیت دیگر تاجر رہنمائوں نے مہمانوں کا شاندار استقبال کیا اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرک اور پھول پیش کیے۔
