English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بینظیر کی برسی پر صدر زرداری اور بلاول کا  گڑھی خدا بخش میں خطاب

گڑھی خدابخش:صدر مملکت آصف علی زرداری نے گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش مشکلات میرے لیے کوئی نئی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج میں دوبارہ صدر ہوں تو یہ عوام، پارٹی اور بے نظیر بھٹو کی دعاؤں کی بدولت ممکن ہوا ہے۔

صدر زرداری نے اپنے خطاب میں بھٹو کے عدالتی فیصلے کو ایک عدالتی قتل قرار دینے پر بات کی اور کہا کہ 45 سال بعد یہ ثابت کیا کہ بھٹو کا فیصلہ غلط تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس دھرتی کی قسم کھائی ہے کہ جو بھی کریں گے، عوام اور زمین کے سامنے جواب دہ ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کی مدد اور عوام کی دعاؤں سے ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ کوئی ان کا حق نہیں چھین سکتا، پانی اور گیس سمیت تمام وسائل پر ان کا پورا حق ہے۔ زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا میں جدیدیت کا فائدہ عوام کو پہنچایا جائے گا۔ 

پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، بلاول

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف بیانات کا اصل مقصد پاکستان کے ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی کو نشانہ بنانا ہے۔ 

بلاول نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کمزور طبقے اور غریب عوام کی حقیقی نمائندہ تھیں، جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی آواز تھیں۔ انہوں نے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان دی لیکن اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹیں۔ 

انہوں نے الزام لگایا کہ بینظیر بھٹو کو شہید کرنے والوں کا مقصد سندھ، بلوچستان، پختونخوا، پنجاب، اور کشمیر کی حقیقی آواز کو دبانا تھا تاکہ پاکستان پر کٹھ پتلی حکمران مسلط کیے جا سکیں۔ 

بلاول نے کہا کہ آج ملک کو عالمی چیلنجز کا سامنا ہے، اور جو لوگ بیانات دے رہے ہیں ان کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا اور ملک کی سلامتی کے اثاثوں کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بینظیر بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے اور عوام کے حقوق کی حفاظت کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے