ضلع کرم کے حوالے سے گرینڈ جرگہ 9 گھنٹے جاری رہنے کے بعد ختم ہوگیا، طویل جرگہ حتمی فیصلے تک نہ پہنچ سکا، جرگہ ممبران نے کہا کہ کمشنر کوہاٹ صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، آج معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔
کمشنر کوہاٹ معتصم بااللہ نے کہا ہے کہ لاکھوں قبائل کا سوال ہے، تمام جرگہ ممبران کے تحفظات دور ہونے پر ہی مضبوط اور پائیدار معاہدہ طے ہو پائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقہ مکین گزشتہ 82 روز سے خوراک ، ایندھن اور ادویات سے محروم ہیں، تمام عمائدین کرم معاہدے کی تمام شکوں پر متفق ہوجائیں گے، جرگہ ممبران اور ہماری کوشش ہے معاہدے پر دستخط آج ہی ہو جائیں۔
دوسری جانب ٹل پاراچنار مرکزی شاہراہ سمیت متعدد راستے 82 ویں روز بھی آمد و رفت کیلئے بند ہیں تو دوسری جانب کرم کی صورتحال پر فریقین کے درمیان ڈیڈ لاک ختم ہوچکا ، مشران نے دستخط کر لیے ہیں، ایک فریق کے چند افراد دستخط کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اسلحہ قومی مشران کے پاس جمع کرانے پر ایک فریق کے تحفظات ہیں۔ فریق کا مطالبہ ہے کہ اسلحہ دونوں جانب سے حکومت کے پاس جمع کرانا ہوگا، ایپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر ہی عمل کیا جائے۔
جمعہ کو بھی کوہاٹ میں منعقدہ جرگہ کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکا تھا۔

