نیواورلینز : امریکا میں کار سوار نے تیز رفتار گاڑی اچانک ہجوم پر چڑھا دی، حادثہ میں 10 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی شہر نیو اورلیئنز کے میئر نے واقعہ کو ’دہشت گردی‘ قرار دیا ہے، محکمہ پولیس کے سپرنٹنڈنٹ اینا کرک پیٹرک نے بتایا کہ واقعہ میں 2 پولیس افسران بھی نشانہ بنے، جبکہ دھماکا خیز مواد بھی ملا ہے۔
پولیس سربراہ نے بتایا تھا کہ واقعہ میں شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کررہے ہیں، انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ جائے حادثہ سے مکمل طور پر دور رہیں۔
گورنر لوئیسیانا جیف لینڈری نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا ہے کہ بوربون اسٹریٹ میں خوفناک واقعہ پیش آیا، متاثرین کے لیے دعاگو ہیں، جائے حادثہ پر امدادی کام جاری ہیں، شہری وہاں جانے سے گریز کریں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ نیواورلیئنز میں نئے سال کا جشن منانے کے بعد شہر میں کالج کے فٹ ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل مقابلے آل اسٹیٹ باؤل کے آغاز سے چند گھنٹے پہلے پیش آیا جہاں تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

