English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعظم کا انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کیخلاف سخت اقدامات کا حکم

اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث تمام افراد کو نشان عبرت بنایا جائے۔

انسانی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات پر جائزہ اجلاس وزیر اعظم کی زیر صدارت ہوا، جس میں ایف آئی اے کی حالیہ کارروائیوں کو سراہا گیا۔ شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ میں شامل سرکاری اہلکاروں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے ہدایت دی کہ ان سہولت کاروں کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلروں کی جائیدادیں اور اثاثے فوری ضبط کیے جائیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کو تیز اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے وزارت قانون و انصاف کو ہدایت کی کہ اعلیٰ معیار کے وکلا کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ استغاثہ کے عمل کو مضبوط بنایا جا سکے۔

وزیر اعظم نے دفتر خارجہ کو ہدایت کی کہ بیرون ملک انسانی اسمگلنگ میں ملوث پاکستانیوں کی حوالگی کے لیے متعلقہ ممالک سے رابطے کیے جائیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات کو عوامی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا کہ بیرون ملک ملازمت کے لیے قانونی راستے اپنانے پر زور دیا جائے۔

انہوں نے تکنیکی تربیت کے اداروں کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق ماہر پیشہ ور افراد فراہم کیے جا سکیں۔ ہوائی اڈوں پر سفر کرنے والوں کی اسکریننگ کے عمل کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف کیے گئے اقدامات اور قانون سازی کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے کشمیر اور گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے