ڈیڑھ دو سال کے دوران بھارت میں بڑے آجروں پر زیادہ کام لینے کے حوالے سے تنقید کی جارہی ہے۔ ملک بھر میں ایسے کئی کیس ہوئے ہیں کہ زیادہ کام کے دباؤ کے باعث لوگ بیمار پڑگئے اور مرگئے۔ گزشتہ برس ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی موت نے اس معامل کو بہت اچھال دیا تھا۔
زیادہ کام کرنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی جسمانی تھکن اور ذہنی پیچیدگی کے باعث زندگی کا توازن بگڑ رہا ہے۔ ممبئی، دہلی، کولکتہ، مدراس، حیدر آباد، بنگلور اور دیگر بڑے اور درمیانے حجم کے شہروں میں لوگوں کو بہت زیادہ کام کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارت کی بہت سی مشہور شخصیات نے اس بات پر زور دیا ہے کہ لوگوں کو ڈھنگ سے جینے کا موقع فراہم کیا جائے یعنی اُتنا ہی کام لیا جائے جتنا ضروری ہو اور زندگی کا توازن نہ بگاڑتا ہو۔ بڑے شہروں میں یہ تحریک سی چل پڑی ہے کہ اگر آجر بہت زیادہ کام لے رہے ہوں اور اتوار بھی کام کرنے پر مجبور کریں تو اُن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے۔
ممبئی، دہلی اور دیگر بڑے شہروں میں ملازمین اب غیر متوازن سلوک کی صورت میں آجروں کو لیبر کورٹ میں گھسیٹنے سے گریز نہیں کر رہے۔ قانونی چارہ جوئی کی صورت میں آجر اپنے تمام اجیروں سے اُتنا ہی کام لے پاتے ہیں جتنا قانون کے مطابق لیا جانا چاہیے۔ اس حوالے سے صورتِ حال پیچیدہ بھی ہوتی جارہی ہے۔ آجر زیادہ کام لے کر اپنے لیے زیادہ منافع کی گنجائش پیدا کرنا چاہتے ہیں جبکہ اجیر چاہتے ہیں کہ حکومت نے قوانین کی شکل میں اُن کے لیے جو فوائد رکھے ہیں وہ اُنہیں یقینی طور پر دیے جائیں۔
آجروں کا کہنا ہے کہ مسابقت بہت بڑھ گئی ہے۔ منافع کمانے کی گنجائش کم رہ گئی ہے۔ ایسے میں اگر وہ کم ملازمین سے زیادہ کام نہ لیں تو ادارے کو منافع میں چلانے کی گنجائش ہی پیدا نہیں ہوتی۔

