تل ابیب: اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے بعد یرغمالیوں کی فہرست کے حوالے سے بھی رابطہ ہوگیا، اسرائیلی حکام نے فہرست ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ فہرست فراہم کرنے میں تاخیر کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق تاخیر سے فہرست دینے پر حماس کے ترجمان نے وضاحت کرتےہوئے کہا ہےکہ مسلسل بمباری اور تکنیکی وجوہات کی بنا پر فہرست دینے میں تاخیر ہوئی، اسرائیل کی تازہ بمباری جنگ بندی میں مشکلات پیدا کرے گی ۔
خیال رہےکہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کاکہنا تھا کہ رہا ہونے والے یرغمالیوں کی فہرست ملنے تک جنگ بندی کا باقاعدہ آغاز نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ معاہدے کے مطابق پہلے مرحلے کے پہلے روز حماس اسرائیلی جیلوں میں قید 95 فلسطینیوں کے بدلے تین خواتین یرغمالیوں کو رہا کرے گی، پہلے چھ ہفتوں میں اسرائیلی فوجیوں کو آبادی سے دور بفر زون میں واپس جانا ہوگا، اسرائیل غزہ پر اپنی ناکہ بندی میں نرمی کرے گا اور امدادی سامان لے جانے والے چھ سو ٹرکوں کو جانے کی اجازت ہوگی۔
اسی ضمن میں رفح سے اسرائیلی فوج کا انخلا جاری ہے معاہدے پر عملدرآمد مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے ہوگا جبکہ پاکستان کے وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوگا،معاہدے کے تحت اسرائیل یرغمالیوں کے بدلے دو ہزار فلسطینی قیدی رہا کئے جائیں گے۔

