قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈ عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے پیکا ایکٹ کے خلاف ووٹ دیا تھا، یہ چاہتے ہیں پاکستان میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے نہ ہو۔
لاہور میں انسداد دہشت گری کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما عمر ایوب کا کہنا تھا کہ میرے خلاف پورے پنجاب میں مقدمات درج ہیں، لوگوں کو گولی اور ڈنڈے کے زور پر نہ دبائیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ہماری میٹنگ نہیں کرائی جا سکی، عالیہ حمزہ نے ڈی سی لاہور کو جلسے کی اجازت لینے کے لیے درخواست دے رکھی ہے، پنجاب حکومت تحریک انصاف کو مینارِ پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دے رہی، اسلام آباد میں بیٹھے حکمران ہوش کے ناخن لیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول خود کو جمہوریت پسند کہتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی نے ایکٹ کے لیے ووٹ دیا،ایسے متنازع قوانین پاس کرنے پر اس کو شرم آنی چاہیے۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی روز بروز بڑھتی جا رہی ہے، ملک کے معاشی حالات ٹھیک نہیں، بلوچستان میں حالات خراب ہیں، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے آواز اٹھانے والوں پر سختی مت کریں۔

