پی ٹی آئی کے رہنما فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کو نیشنل ایجنڈا پر آنے کی دعوت دی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں تحریک انصاف سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کو مخصوص نشستیں ملنی چاہیئں،بشری بی بی کو آج عدالت میں پیش نہیں ہونے دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بشری بی بی کے خلاف درج مقدمات میں شامل تفتیش بھی نہیں ہونے دیا گیا، بدقسمتی ہے پاکستان میں الیکشن فراڈ کرکے اپوزیشن کو مخصوص نشستوں سے محروم رکھا گیا ،ہم اے ٹی سی عدالت میں جائینگے اس پر عدالت سے بات کرینگے۔
فیصل چوہدری نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہے کہا قوم کا مینڈیٹ چوری کرنے والے کے خلاف آرٹیکل چھ لگنا چاہیئے، ہم ملک کی خاطر مذاکرات میں بیٹھے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے قاضی فائز عیسی نے فراڈ الیکشن کو تحفظ دیا ،حکومت بچی کھچی آزادی کو سلب کرنا چاہتی ہے، ملک میں آئین معطل ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساڑھے 3 سو لوگوں کی ضمانت ہوئی لیکن کل انہیں دیگر جیلوں میں منتقل کیا گیا، آج آزادی اظہار رائے کو دہشتگردی بنا دیا گیا ہے۔

