اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ایف یو جے کے بعد اینکرز ایسوسی ایشن نے بھی پیکا ایکٹ میں ترمیم کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ سینئر اینکر پرسن حامد میر، نسیم زہرہ، عدنان حیدر اور امیر عباس نے درخواست دائر کی۔ سینئر اینکرز نے بائیو میٹرک تصدیق بھی کروائی۔درخواست صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ریاست علی آزاد اور عمران شفیق ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی۔ درخواست میں پیکا ایکٹ میں ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے7 فروری کو سماعت کرتے ہوئے پیکا ترمیمی ایکٹ2025ء کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل طلب کر لیے۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ درخواست میں پیکا ترمیمی ایکٹ 2025ء کی 2 شقوں 2 آر اور 26 اے کو چیلنج کیا گیا ہے۔گزشتہ روز پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025ء اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
