English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکی صدر کا وفاقی جج کے مواخذے کے  مطالبے پر چیف جسٹس کا ردعمل

القمر

واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک وفاقی جج کے خلاف مواخذے کا مطالبہ کیا ہے جس نے ان کے خلاف فیصلہ سنایا تھا، جس پر امریکی چیف جسٹس جان رابرٹس نے سخت ردعمل دیتے ہوئے عدلیہ کی آزادی کا دفاع کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی ڈسٹرکٹ جج جیمز ای بوسبرگ کے فیصلے پر شدید ردعمل دیا ہے، جنہوں نے حکومت کو ایک متنازعہ جنگی اختیار کے تحت وینزویلا کے مبینہ گینگ ممبرز کو ملک بدر کرنے سے روک دیا تھا۔

قانونی ماہرین کے مطابق ججوں کا مواخذہ ایک نایاب عمل ہے اور کانگریس میں اس کی منظوری کے امکانات بہت کم ہیں۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جج بوسبرگ کو “ریڈیکل لیفٹ لونیٹک”( انتہا پسند دیوانہ) قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں عہدے سے ہٹایا جانا چاہیے، ان کے اس بیان پر چیف جسٹس رابرٹس نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دو صدیوں سے یہ اصول رہا ہے کہ کسی عدالتی فیصلے سے اختلاف کی بنیاد پر کسی جج کا مواخذہ نہیں کیا جا سکتا، اس کے لیے باقاعدہ اپیل کا نظام موجود ہے۔”

ہارورڈ کے سابق جج اور قانون کے پروفیسر نینسی گرٹنر نے ٹرمپ کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عدلیہ پر اختیار جمانے کی کوشش ہے، جو انتہائی خطرناک ہے۔

محکمہ انصاف کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ جب عدالتی حکم جاری ہوا تو طیارے پہلے ہی بین الاقوامی حدود میں داخل ہو چکے تھے، اس لیے یہ حکم ان پر لاگو نہیں ہوتا۔ جج بوسبرگ نے اس دلیل کو “حد سے زیادہ کھینچا ہوا” قرار دیتے ہوئے حکومت سے مزید تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ججوں پر حملے جاری رکھے تھے، حتیٰ کہ اپنے فوجداری مقدمات میں بھی ججوں پر تنقید کی، تاہم قانونی ماہرین کے مطابق، بوسبرگ کے مواخذے کی کوئی حقیقت پسندانہ امید نہیں ہے کیونکہ 1804 سے اب تک صرف 15 وفاقی ججوں کا مواخذہ کیا گیا ہے، وہ بھی بدعنوانی جیسے الزامات کی بنیاد پر۔

خیال رہےکہ  جج بوسبرگ حکومت کے 1798 کے ایلیئن اینمیز ایکٹ کے استعمال پر جاری مقدمے کی سماعت کر رہے ہیں، ان کے حکم کے باوجود حکومت نے 137 افراد کو ملک بدر کر کے السلوادور کی ایک جیل میں پہنچا دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے