کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کاکہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشیں ان کے ورثاء کے حوالے کی جا سکتی ہیں، لیکن کسی جھتے کو نہیں دی جائیں گی۔
بلوچستان اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جب ٹرین پر حملے کا واقعہ پیش آیا تو اس میں دہشت گردوں کے دو گروہ ملوث تھے۔ ایک گروہ واپس جارہا تھا، جس پر فورسز نے کارروائی کی اور 23 دہشت گرد مارے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے بعد دہشت گردوں کی لاشیں سول اسپتال لائی گئیں۔ کچھ لاشیں شناخت کے قابل نہیں تھیں، جنہیں دفنا دیا گیا، جبکہ دیگر لاشیں شناخت کے لیے اسپتال میں رکھی گئیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ایک جھتے نے اسپتال سے لاشیں زبردستی لے جانے کی کوشش کی، اس پر حکومت نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردوں کی لاشیں ان کے ورثاء کو دے سکتے ہیں، لیکن کسی جھتے کو نہیں دیں گے۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ حکومت امن و امان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔
