نیویارک:۔ نیویارک سٹی ہال میں پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی 1500ویں یوم ولادت کے موقع پر ایک تاریخی اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسلم کمیونٹی کے رہنمائوں، دینی تنظیموں کے نمائندوں، ائمہ کرام اور دیگر مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ اس اہم موقع پر پیغمبر اسلام کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی تعلیمات کو سراہا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے پیغمبر اسلام کو “دنیا کے لیے نمونہ اخلاق” قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج دین اسلام دنیا بھر میں پھیل چکا ہے اور اس کے اصول رحمت، انصاف اور انسانیت کی خدمت پر مبنی ہیں۔
میئر ایڈمز نے اعلان کیا کہ نیویارک شہر میں ہر سال پیغمبر اسلام کی ولادت کا دن منایا جائے گا، اور اس سلسلے میں ایک پروکلیمیشن سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا گیا۔ کمیونٹی لیڈر امام صداد مدنی نے نیویارک کو اس کے تنوع کی بدولت ایک عظیم شہر قرار دیا اور میئر ایڈمز کی قیادت میں شہر کے اتحاد اور ہم آہنگی کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میئر ایڈمز نے مسلم کمیونٹی کے لیے کئی قابل قدر اقدامات کیے ہیں، جن میں اذان کی اجازت، حلال کھانے کی فراہمی، اور مسلم خواتین کے لیے حجاب کی اجازت شامل ہیں۔
تقریب میں امام موسیٰ نے بھی میئر ایڈمز کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت میں نیویارک شہر نے مسلمانوں سمیت تمام مکینوں کے لیے ایک محفوظ اور مواقع سے بھرپور ماحول فراہم کیا ہے۔ یہ تقریب نیویارک کے تنوع، اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک شاندار مثال تھی، جس میں مختلف عقائد کے لوگ یکجا ہوئے اور پیغمبر اسلام کی عظمت اور ان کی تعلیمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
