اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شرہف کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف زہریلا پروپیگنڈا ہو رہا ہے، اِس فتنے کا سر کچلنا ہوگا۔ کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج لوگ ملک میں زہریلا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پر اداروں کی تضحیک کی جا رہی ہے، اس کی جتنی سخت الفاظ میں مذمت کی جائے وہ ناکافی ہے، ہمیں پروپیگنڈا کرنے والے فتنے کی مکمل طور پر بیخ کنی کرنی ہوگی۔
بیرون ملک اور پاکستان میں موجود فتنے کی شناخت اور خاتمہ کرنا ہوگا، ہمیں آخری حد تک جا کر اس دہشتگردی اور فتنے کا سرکچلنا ہوگا، سکیورٹی فورسز نے قربانی کی تاریخ رقم کی ہے، ملک کیخلاف پراپیگنڈے کرنے والے فتنے کا مکمل طور پر خاتمہ کرنا ہوگا، ان کی شناخت کریں کیوں کہ نفرت کارڈ ناقابل قبول ہے۔
شہباز شریف کہتے ہیں کہ ہم افواج پاکستان کی قربانیوں کی بدولت آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر کچھ لوگ اداروں اور شہدا کی تضحیک کررہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اور ملک کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والے فتنے کا مکمل خاتمہ کرنا ہمارا اولین فرض ہے، ہمارے بہادر میجر عدنان اسلم بنوں میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے، گزشتہ روز جی ایچ کیو میں ان کی نماز جنازہ میں کل ہم شریک ہوئے، سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔