کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے یوم وفات پر مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارش کے بعد بعض ’’برساتی مینڈک‘‘ منظر عام پر آ گئے ہیں جو محض افواہیں پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس وقت قوم کو اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے نہ کہ منفی پروپیگنڈے کی۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں قائداعظم کے اصول ایمان، اتحاد اور قربانی کو عملی طور پر اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنایا جا سکے۔ انہوں نے سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی قومی خدمات کو بھی یاد کیا اور کہا کہ ان رہنماؤں نے پاکستان کے دفاع اور ایٹمی پروگرام کے لیے لازوال کردار ادا کیا۔
بھارت کی حالیہ جارحیت پر بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے یکجہتی سے دشمن کو بھرپور جواب دیا اور یہی اتحاد ہماری اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم اور فلسطین میں اسرائیلی بمباری کی سخت مذمت کی اور کہا کہ مسلم دنیا کی یکجہتی سے اسرائیل کو ضرور ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سیلابی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سندھ سمیت کئی علاقے متاثر ہیں اور حکومت کی اولین ترجیح انسانی جانوں کو محفوظ بنانا اور بیراجوں و بندوں کو بچانا ہے۔ کچے کے مکینوں سے اپیل کی گئی کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر فوری ریلیف سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں اور زرعی و ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کر کے عالمی برادری سے امداد کی اپیل بھی کی جائے گی۔
کراچی میں اربن فلڈنگ سے متعلق تنقید پر جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ افواہیں پھیلانے والے عناصر لسانی اور سیاسی بنیادوں پر تفریق پیدا نہ کریں کیونکہ ماضی میں اس کی بھاری قیمت چکانی پڑی ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ بعض کوتاہیاں ضرور سامنے آئیں مگر صوبائی حکومت ان پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ آخر میں مراد علی شاہ نے یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی پانی کے ہر غیر متنازع منصوبے کی حمایت کرے گی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔