ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

امریکی صدر کا مسلم رہنماؤں کے سامنے مشرق وسطیٰ اور غزہ کے لیے 21 نکاتی امن منصوبہ پیش

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلم ممالک کے رہنماؤں کے سامنے مشرقِ وسطیٰ اور غزہ کے مسئلے کے حل کے لیے 21 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ اور غزہ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے 21 نکاتی منصوبہ مسلم دنیا کے رہنماؤں کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ اس منصوبے کو نیویارک میں جاری اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بعض مسلم ممالک کے قائدین کے حوالے کیا گیا۔

امریکی صدر کے خصوصی ایلچی برائے مشرقِ وسطیٰ، اسٹیو وٹکوف کے مطابق صدر ٹرمپ کی جانب سے پیش کردہ یہ منصوبہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور غزہ کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں بھرپور توقع ہے کہ آئندہ چند دنوں میں غزہ کے مسئلے پر کسی نہ کسی اہم پیش رفت کا اعلان کیا جا سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران سے بھی بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، تاہم تہران نے اب تک ایک سخت مؤقف اختیار کر رکھا ہے۔ “ہم ایران کے ساتھ مذاکرات کے خواہاں ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ وہ بھی اس عمل کا حصہ بنے گا۔

اس سے ایک روز قبل صدر ٹرمپ نے نیویارک میں اسلامی ممالک کے سربراہان سے ملاقات کی تھی، جو تقریباً پچاس منٹ جاری رہی۔ اس ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتِ حال اور خاص طور پر غزہ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، ترکیہ کے صدر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، اردن، قطر اور انڈونیشیا کے رہنما بھی شریک ہوئے۔ گفتگو کے بعد صدر ٹرمپ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس ملاقات کو غیر معمولی حد تک کامیاب قرار دیا۔ ان کے مطابق غزہ کے مسئلے پر مسلم قیادت کے ساتھ یہ نشست نہایت تعمیری اور مثبت رہی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں