پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے پی، فراز مغل کے مطابق ایمل ولی خان کی سیکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ وفاقی حکومت نے کیا تھا، تاہم وزیراعلیٰ نے آئی جی خیبر پختونخوا کو ہدایت دی ہے کہ سیکیورٹی ہر صورت برقرار رکھی جائے۔
ترجمان نے کہا کہ ایمل ولی خان کے خاندان کو ماضی میں بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے، اس لیے سیکیورٹی میں کمی ممکن نہیں۔ انسانی جان کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی ایمل ولی کی سیکیورٹی واپس لینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو خطرات لاحق ہیں تو انہیں سیکیورٹی فراہم کی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایمل ولی خان نے الزام عائد کیا تھا کہ وفاقی حکومت نے ان اور ان کے خاندان کی سیکیورٹی واپس لے لی ہے، اور اگر انہیں یا ان کے اہلِ خانہ کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوگی۔