کراچی میں موسم کی تبدیلی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ صبح کے وقت موسم خشک جبکہ رات کے اوقات میں ہلکی خنکی محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آسمان صاف رہے گا اور دن بھر سورج کی تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہواؤں کی سمت میں بھی تبدیلی آئی ہے اور اب ہوائیں شمال مشرقی جانب سے چل رہی ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اس وقت کراچی کا موسم تبدیل ہو چکا ہے، صبح کے وقت فضا خشک رہتی ہے جبکہ رات کے وقت موسم میں ٹھنڈک آ جاتی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 24.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔