ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

رومانیہ کے ایئرچیف کا پاک فضائیہ کو بھارتی جارحیت کیخلاف کامیابی پر خراجِ تحسین

بخارسٹ:رومانیہ کے ایئر چیف لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ گیبریل بارابوئی نے پاک فضائیہ کی بھارتی جارحیت کے خلاف شاندار کامیابی اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایئر فورس خطے میں امن و استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے تاریخی سرکاری دورۂ رومانیہ کے دوران رومانیہ کے ایئر چیف لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ گیبریل بارابوئی سے اہم ملاقات کی، جس میں دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے اور فضائی افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فضائیہ ہیڈکوارٹر رومانیہ پہنچنے پر ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا بعد ازاں دونوں ممالک کے فضائی سربراہان نے مشترکہ فضائی مشقوں، تربیتی پروگراموں، عملے کے تبادلے اور دفاعی تعاون کے دیگر شعبوں پر تفصیلی بات چیت کی۔

رومانیہ کے ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، خود انحصاری کے اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سربراہ پاک فضائیہ کی بصیرت انگیز قیادت میں پاک فضائیہ نے غیر معمولی ترقی حاصل کی ہے۔

دونوں فضائی سربراہان نے مشترکہ فضائی دفاعی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پائیدار ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور جدید ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں باہمی اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ذرائع کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ کا یہ دورہ پاکستان اور رومانیہ کے درمیان عسکری تعلقات کو نئی جہت دے گا اور خطے میں امن، ترقی اور دفاعی شراکت داری کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں