اسلام آباد:۔ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کے بعض افسران پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے سنگین الزامات سامنے آنے پر وفاقی وزیر داخلہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزارت داخلہ نے کرپشن الزامات پر تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔ تحقیقات کا آغاز اس وقت ہوا جب چھاپوں کے دوران مخصوص اداروں کا نام استعمال کر کے مبینہ طور پر رقوم وصول کرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ کارروائیوں کے دوران اربوں روپے کی رقم وصول کی گئی، جو بعدازاں بیرونِ ملک منتقل کی جاتی رہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے کے افسروں کے بیرونِ ملک سفر کی تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں، جب کہ مزید افسران سے بھی تحقیقات کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تحقیقات میں ڈپٹی ڈائریکٹر عثمان کا نام مرکزی کردار کے طور پر سامنے آیا ہے، جن سے کرپشن الزامات پر تفصیلی تفتیش جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت دی ہے کہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی کو رعایت نہ دی جائے۔