برلن: جرمنی میں برڈ فلو کی خطرناک بیماری کو مزید پھیلنے سے بچانے کیلیے اب تک لاکھوں جانوروں کو تلف کردیا گیا۔
ابتدائی سروے کے مطابق اب تک مجموعی طور پر تقریباً چار لاکھ مرغیاں، بطخیں، ہنس اور دیگر پرندے تلف کر دیے گئے ہیں تاکہ بیماری آگے نہ پھیل سکے۔
ذرائع کے مطابق وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر نوہارڈن برگ کے فارم میں80ہزاربطخیں تلف کردی گئیں، حکام نے متاثرہ علاقے میں پولٹری کی نقل و حرکت پر بھی عارضی پابندی عائد کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جرمنی میں برڈ فلو (ایویئن انفلوئنزا) کے پھیلاؤ کے بعد 30 سے زائد پولٹری فارموں کو اپنے پرندے تلف کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ اب تک مجموعی طور پر تقریباً چار لاکھ مرغیاں، بطخیں، ہنس اور دیگر پرندے تلف کر دیے گئے۔
ماہرین کے مطابق جنگلی پرندے جو سردیوں میں جنوب کی طرف ہجرت کرتے ہیں، اس بیماری کے پھیلاؤ کا بڑا ذریعہ ہیں۔ اگرچہ یہ بیماری اب جرمنی میں سال بھر موجود رہتی ہے لیکن موسم خزاں میں پرندوں کی ہجرت کے دوران اس کے پھیلنے کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔