راولپنڈی: بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں فتنۃ الہندوستان کے 18 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 2 الگ الگ کارروائیوں میں فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 18 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں 28 اور 29 اکتوبر کو کوئٹہ کے چلتن پہاڑوں اور کیچ کے علاقے بلیدہ میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کوئٹہ کے قریب چلتن پہاڑوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے گھیراؤ کیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور آپریشن میں 14 دہشت گرد مارے گئے، جو تخریب کاری اور دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
اسی دوران ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں ہونے والی دوسری کارروائی میں فورسز نے ایک اور دہشت گرد ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ اس آپریشن میں مزید 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، مواصلاتی آلات اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ نیٹ ورک سرحد پار سے معاونت حاصل کر کے بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں مصروف تھا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دونوں مقامات پر سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو گرفتار یا ختم کیا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق ویژن “عزمِ استحکام” کے تحت سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوت سے مصروفِ عمل ہیں۔ غیر ملکی پشت پناہی رکھنے والے دہشت گرد عناصر کے لیے اب پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں رہی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں ہونے والی ان کامیاب کارروائیوں پر سیکورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا عزم و حوصلہ قابلِ فخر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کار چاہے اندر ہوں یا باہر، انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔