کرک : سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا، ضلعی پولیس اور سویلین انٹیلیجنس اداروں نے کرک کے علاقے امبیری کلہ میں مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب کمانڈر نثار حکیم کو ہلاک کر دیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ آپریشن چار گھنٹے سے زائد جاری رہا، جس میں دہشتگردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی تاہم بہادر پولیس اہلکاروں نے دلیری سے مقابلہ کیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق نثار حکیم بین الصوبائی دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا اور سیکورٹی فورسز کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں چار پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے جبکہ دہشتگرد کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے سی ٹی ڈی، کرک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کامیاب آپریشن پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے دلیر جوانوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
آئی جی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ڈٹی ہوئی ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر قربانیاں دے رہی ہے۔