English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پشاور: حسن خیل میں گیس پائپ لائن دھماکے سے متاثر، متعدد شہروں کی گیس سپلائی معطل

القمر

پشاور کی تحصیل حسن خیل میں کرک سے نوشہرہ گیس پائپ لائن کے حصے میں دھماکے کے نتیجے میں 24 انچ کی گیس پائپ لائن میں آگ لگ گئی، جس سے علاقے میں گیس کی سپلائی متاثر ہو گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق واقعے کی تصدیق سوئی ناردرن گیس کے جنرل منیجر وقاص شنواری نے کی اور دھماکے کے بعد پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور سوات کے صارفین کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، فوری طور پر علاقے میں گیس کی سپلائی بند کرنے کے لیے ٹیمیں بھیج دی گئی ہیں۔

وقاص شنواری کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا فوری طور پر تعین نہیں کیا جا سکا ہے اور جائے وقوعہ کا مکمل جائزہ لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حالات پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے بتایا کہ دھماکے کی نوعیت جانچ کے مراحل میں ہے اور علاقے کے رہائشیوں کو آگ کے خطرے سے محفوظ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوئی گیس حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر گیس کی سپلائی بند کریں تاکہ کسی بھی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اس واقعے میں دہشت گردی کے امکان کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

واقعہ نہ صرف مقامی باشندوں کے لیے خطرے کا سبب بنا بلکہ گیس کی بندش کے باعث بڑے پیمانے پر صارفین کی روزمرہ زندگی متاثر ہو گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نگرانی جاری ہے اور عوام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے