خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم اس آپریشن کے دوران وطن کے ایک بہادر سپوت نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں اس اطلاع پر کیا گیا کہ بھارتی پراکسی نیٹ ورک سے منسلک خوارج وہاں موجود ہیں، سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران 7 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے جوان نائیک یاسر خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ شہید نائیک یاسر خان کی قربانی کو سکیورٹی فورسز کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ یہ خوارج ماضی میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے اور علاقے میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں سرگرم تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ طور پر موجود دیگر بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے تاکہ خطے کو دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسدادِ دہشت گردی کی اس مہم کو پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں، تاکہ ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
