English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی آئی اے کی نجکاری 23 دسمبر کو طے، سرمایہ کاروں کے لیے اہم مراعات کا اعلان

القمر

اسلام آباد: حکومت نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق اہم پیش رفت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ نجکاری کا عمل 23 دسمبر کو مکمل کیا جائے گا، جبکہ تمام انتظامی و مالی معاملات 19 دسمبر تک طے کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے۔

 مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کے ساتھ حتمی کمرشل شرائط آج رات تک طے کر لی جائیں گی،   پی آئی اے خریدنے والے سرمایہ کار کو نئے جہازوں پر سیلز ٹیکس ادا نہیں کرنا ہوگا، جبکہ ایف بی آر کے 26 ارب 60 کروڑ روپے کے واجبات بھی ادا نہیں کرنا پڑیں گے،  اسی طرح پاکستان ایوی ایشن کے 7 ارب روپے کے واجبات بھی سرمایہ کار کے ذمہ نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی بار سرمایہ کار کو 33 ارب روپے کے واجبات ادا کرنا تھے جبکہ اس مرتبہ حکومت نے بڑے پیمانے پر مالی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی آئی اے کے 51 سے 100 فیصد شیئرز نجی شعبے کو فروخت کیے جائیں گے۔

سیکریٹری نجکاری عثمان باجوہ نے مزید بتایا کہ سابقہ کوشش ناکام ہونے کی ایک بڑی وجہ آئی ایم ایف سے جی ایس ٹی میں رعایت نہ ملنا تھا، تاہم اب صورتحال مختلف ہے اور برطانیہ و یورپ کے روٹ بحال ہوچکے ہیں جس کے بعد سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کو بولی میں حصہ لینے کیلئے 2 ارب روپے بطور زر ضمانت جمع کرانا ہوگا، جبکہ نجکاری کے فوراً بعد نئے سرمایہ کار کو پی آئی اے میں 80 ارب روپے کی سرمایہ کاری یقینی بنانا ہوگی تاکہ بحالی کا عمل تیز ہوسکے۔

نجکاری کمیشن کے مطابق اس بار کوشش ہے کہ نجکاری شفاف، مسابقتی اور جلد مکمل ہو تاکہ قومی ایئرلائن بہتر انداز میں دوبارہ فعال ہوسکے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے