English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جماعت اسلامی کی آج کراچی میں احتجاجی دھرنوں کی تیاریاں مکمل

القمر

کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات، ہیوی ٹریفک کی بے قابو صورتحال اور شہریوں کی مسلسل جانوں کے ضیاع کے خلاف جماعت اسلامی نے آج شہر بھر میں احتجاجی دھرنوں کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

جماعت اسلامی کے اس فیصلے کو عوامی حلقوں میں شہری مسائل پر بڑھتی ہوئی بے چینی اور حکومتی کارکردگی پر عدم اطمینان کی وجہ سے عوام کی مضبوط آواز قرار دیا جا رہا ہے۔

 جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے اعلان کیا ہے کہ یہ احتجاجی دھرنے شہر کے مختلف اہم اور مصروف مقامات پر منعقد کیے جائیں گے، جن کا مقصد شہریوں کو درپیش سنگین مسائل کو اجاگر کرنا اور حکام کو فوری اقدامات پر مجبور کرنا ہے۔

جماعت اسلامی کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک، بالخصوص واٹر ٹینکرز اور ڈمپرز کے باعث ہونے والے حادثات روزمرہ کا معمول بنتے جا رہے ہیں، جن میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ اس کے باوجود حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے نہ تو مؤثر قانون سازی دیکھنے میں آئی ہے اور نہ ہی عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔

جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ شہری سڑکوں پر عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ ٹریفک قوانین کا نفاذ صرف عام شہری تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔

منعم ظفر خان نے ای چالان کے نظام پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے عوام کی سہولت کے بجائے مالی بوجھ بڑھانے کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے۔ خراب سڑکیں، ناکارہ سگنلز اور ٹوٹا پھوٹا انفرا اسٹرکچر حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن اس کے باوجود جرمانوں کے ذریعے شہریوں کی جیبوں پر مسلسل دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ یہ طرزِ عمل سراسر ناانصافی اور عوامی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

جماعت اسلامی کے اعلامیے کے مطابق مرکزی احتجاجی دھرنا شاہراہ قائدین پر نورانی کباب ہاؤس چورنگی پر ہوگا، جہاں امیر جماعت اسلامی کراچی خطاب کریں گے۔

اس کے علاوہ شہر کے دیگر اہم اور مصروف مقامات پر بھی احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کی آواز حکمرانوں تک پہنچ سکے۔ ان مقامات میں نیشنل ہائی وے، ایم اے جناح روڈ، شاہراہ کورنگی، نارتھ کراچی، یونیورسٹی روڈ، لیاقت آباد، اورنگی، شیر شاہ، سہراب گوٹھ اور حب ریور روڈ سمیت متعدد علاقے شامل ہیں۔

جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری جنرل توفیق الدین صدیقی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان احتجاجی دھرنوں میں بھرپور شرکت کریں اور پرامن انداز میں اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور ٹریفک پولیس کی ناکامیوں کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، اس لیے اجتماعی احتجاج ہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے حکمرانوں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے