English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی میں دھند، حد نگاہ بہتر ہونے کے بعد فضائی آپریشن بحال

القمر

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی، جس کے نتیجے میں متعدد بین الاقوامی پروازوں کو متبادل ائیرپورٹس کی جانب موڑ دیا گیا۔

شہر میں سرجانی ٹاؤن، سپر ہائی وے، سہراب گوٹھ، گلستانِ جوہر، آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن اور ڈیفنس کے اطراف دھند کا غلبہ رہا۔ ایم نائن موٹروے پر حدِ نگاہ صفر تک گر گئی، جبکہ ناردرن بائی پاس، یونیورسٹی روڈ، کریم آباد سمیت شہر کے کئی علاقوں میں بھی دھند ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم زیادہ تر ابر آلود اور رات کے وقت خنک رہنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب دھند کے باعث کراچی آنے والی چھ بین الاقوامی پروازوں کو دیگر ائیرپورٹس منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق خراب حدِ نگاہ کے باعث بین الاقوامی پروازوں کو کراچی کے بجائے مسقط منتقل کیا گیا، جبکہ ایک نجی ائیرلائن کی جدہ سے آنے والی پرواز کو اسلام آباد اتار دیا گیا۔

پی اے اے ترجمان نے مزید بتایا کہ محدود حدِ نگاہ میں پروازوں کی منتقلی ایک معمول کا حفاظتی اقدام ہے۔ بعد ازاں موسم بہتر ہونے اور حدِ نگاہ میں بہتری کے بعد کراچی ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا۔

  • ویب ڈیسک
  • مقصود بھٹی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے