پولیس نے گھوٹکی کے کچے کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب کارروائی کا دعویٰ کیا ہے۔
ایس ایس پی انور کھیتران کے مطابق پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے کچہ رجوانی، کچہ عمرانی اور کچہ کراچی کے علاقوں کو کلیئر کر لیا ہے، جہاں سے ڈاکوؤں کا صفایا کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن 14 مسافروں کے اغوا کے واقعے کے بعد کیا گیا، جس میں مغویوں کو بس سے اتار کر کچے کے علاقوں میں منتقل کیا گیا تھا۔ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے متعدد مورچے تباہ کیے گئے اور علاقے میں موجود جرائم پیشہ عناصر پسپا ہو گئے۔
انور کھیتران کے مطابق آپریشن کے بعد کلیئر کیے گئے علاقے راجن پور پولیس کے حوالے کر دیے گئے ہیں، جبکہ تباہ شدہ بنکروں سے بھاری اسلحہ اور بارودی مواد کی برآمدگی کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ طلب کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے مورچوں میں موجود راکٹ لانچرز اور دیگر اسلحے کے پھٹنے کا خدشہ ہے۔
ایس ایس پی نے دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران اتنی بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے جو شاید وانا یا وزیرستان جیسے علاقوں میں بھی کم ہی دیکھنے میں آتا ہے۔ پولیس کے مطابق کچے کے علاقوں میں امن و امان کی بحالی کے لیے مزید نگرانی اور کارروائیاں بھی جاری رکھی جائیں گی۔
