English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شیر افضل مروت کی بانی پی ٹی آئی کے فیصلوں پر کھلی تنقید

القمر

اسلام آباد:رکن قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے سابق رہنما شیر افضل مروت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حالیہ سیاسی فیصلوں پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتنی بڑی سیاسی جماعت ہونے کے باوجود اپوزیشن لیڈر کسی اور جماعت کو دے دیا گیا جو خود کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔

نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ نیشنل کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ عوام میں یہ تاثر مضبوط ہو رہا ہے کہ تحریک انصاف کے اندر فیصلے مشاورت کے بجائے محدود دائرے میں ہو رہے ہیں، کیا حالیہ عرصے میں پارٹی کی جانب سے کوئی ایک بھی بڑا فیصلہ درست ثابت ہوا ہے؟ اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر کارکنان اور ووٹرز شدید کنفیوژن کا شکار ہیں۔

دوسری جانب کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی پولرائزیشن کی وجہ سے حالات پیچیدہ ہو چکے ہیں، اس طرح کے مکالمے ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی مسائل کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، افسوس کہ بعض سیاسی جماعتیں اس عمل کا حصہ نہیں بن رہیں کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ اس سے انہیں سیاسی نقصان ہو سکتا ہے۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور ریاست کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی ضروری ہے اور اس کے ساتھ ساتھ تمام سیاسی قیدیوں کو بھی رہا کیا جانا چاہیے، عمران خان کی رہائی کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال سے حکمران طبقہ خوفزدہ ہے، اسی لیے اس معاملے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا۔

کانفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، شیر افضل مروت، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف اور پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل سمیت مختلف سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے