اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرادی ہے جس کے تحت اب وہ گھر بیٹھے اپنے شناختی ریکارڈ میں تبدیلی کروا سکتے ہیں۔
نادرا نے اس سہولت کو اپنے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے فراہم کیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے نادرا ریکارڈ میں ترمیم کے لیے کسی بھی نادرا دفتر کا رخ کیے بغیر یہ کام گھر بیٹھے کر سکتے ہیں۔
نادرا ایک اہم حکومتی ادارہ ہے جو اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قومی شناختی کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات فراہم کرتا ہے۔ اس نئے اقدام سے شہریوں کو مزید آسانی ملے گی، خصوصاً ان افراد کو جو اپنے ریکارڈ میں نان پرنٹ ایبل معلومات میں ترمیم کرنا چاہتے ہیں۔
شہریوں کو صرف پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے نادرا کے ریکارڈ میں تبدیلی کی درخواست کرنی ہوگی اور وہ کم فیس میں جلد اپنے ریکارڈ میں مطلوبہ تبدیلی کروا سکیں گے۔ نادرا کی اس نئی سہولت کا مقصد شہریوں کے وقت کی بچت اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔
