ریاض: سعودی عرب کے اسسٹنٹ وزیر داخلہ برائے آپریشنز امور لیفٹیننٹ جنرل سعید بن عبداللہ القحطانی انتقال کر گئے۔
سعودی وزارت داخلہ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں لیفٹیننٹ جنرل سعید بن عبداللہ القحطانی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ اور لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے بھی ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سعید القحطانی نے تقریباً 60 برس تک وزارت داخلہ میں مثالی خدمات سرانجام دیں اور وہ ایک قابل، دیانت دار اور پیشہ ور افسر تھے۔
بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل سعید بن عبداللہ القحطانی نے کنگ فہد سکیورٹی کالج سے گریجویشن کی اور اپنے طویل کیریئر کے دوران وزارت داخلہ میں متعدد اہم اور حساس عہدوں پر فائز رہے۔
ان کی وفات پر سعودی حکام، سرکاری شخصیات اور عوامی حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
