بیجنگ: چین میں گزشتہ ایک سال کے دوران ریلوے مسافروں کی تعداد 4.5 ارب سے تجاوز کر گئی ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سرکاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین کے ریلوے نظام نے2025ءمیں 4.59 ارب مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کیں، جو ریلوے ٹرانسپورٹ کے مسلسل وسیع اور جدید نظام کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ اعلیٰ حکام کے مطابق مسافروں کی تعداد میں ہر سال کی بنیاد پر 6.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مال برداری کا حجم پچھلے سال 5.27 ارب ٹن سے تجاوز کر گیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہے۔
نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن کے سربراہ سونگ شیوڈے نے بتایا کہ چین میں فعال ریلوے لائنوں کی مجموعی لمبائی 1 لاکھ 65 ہزار کلو میٹر تک پہنچ چکی ہے جبکہ تیز رفتار ریلوے لائنوں کی لمبائی 50 ہزار کلو میٹر سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ بات بھی علم میں رہے کہ سونگ شیوڈے کے مطابق مسلسل بہتر ی کی جانب ہونے والا جدید ریلوے انفرااسٹرکچر نظام ملک کی اعلیٰ معیار کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر رہا ہے۔
