ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

امریکی صدر کی شہباز شریف کو غزہ کیلیے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت

اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو غزہ سے متعلق قائم کیے جانے والے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کو غزہ کے لیے بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت موصول ہو چکی ہے، پاکستان غزہ میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے عالمی کوششوں میں ہمیشہ فعال اور مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی غزہ میں پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں انسانی بحران کے خاتمے، سکیورٹی کی بہتری اور تعمیر نو کے عمل میں تعاون کے لیے تیار ہے،  مسئلہ فلسطین کا مستقل اور منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے سفارتی کاوشوں کی حمایت جاری رکھے گا اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے امریکی صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کے تحت غزہ کے لیے قائم کیے جانے والے بورڈ آف پیس کے مجوزہ ارکان کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا، غزہ میں بورڈ آف پیس کا قیام ٹرمپ کے امن منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد غزہ میں سکیورٹی، انسانی امداد اور تعمیر نو کے منصوبوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے جبکہ فلسطینی اتھارٹی اور حکومتی ڈھانچے میں اصلاحات کی راہ بھی ہموار کرنا اس بورڈ کے اہداف میں شامل ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے غزہ بورڈ آف پیس کی تشکیل کو مسترد کر دیا ہے، اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بورڈ کی تشکیل کے حوالے سے اسرائیلی حکومت سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی، اسرائیلی وزیر خارجہ گڈیون سار اس معاملے کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ اٹھائیں گے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں