لاہور: حکومتِ پنجاب نے بسنت کے موقع پر شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے 6، 7 اور 8 فروری کو میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین اور گرین لائن میں مفت سفر کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور میں بسنت فیسٹیول سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ بسنت کے دوران 10 لاکھ موٹرسائیکلوں پر مفت سیفٹی وائرز نصب کی جائیں گی، جبکہ 3 روزہ فیسٹیول کے لیے مفت پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی اور نگرانی کے لیے دو کنٹرول رومز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں اور ٹریفک، مانیٹرنگ اور سیکورٹی کے حوالے سے جامع اور مؤثر منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں عوام کو خوشیوں سے محروم رکھا گیا، اب پنجاب کے عوام کو ان کی ثقافتی خوشیاں واپس دی جا رہی ہیں۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ بسنت کے دوران ممنوعہ یا خطرناک ڈور کے استعمال پر پانچ سال تک قید اور جرمانے کی سزا دی جائے گی، جبکہ ریڈ زون میں بغیر سیفٹی راڈ کے موٹرسائیکل داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بسنت ایک پانچ سو سال پرانا ثقافتی تہوار ہے اور اسے بھرپور اور محفوظ انداز میں منایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 6 فروری کی رات سے بسنت فیسٹیول کا باضابطہ آغاز ہو جائے گا، اس دوران کلینک آن ویلز، ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کا عملہ بھی ہمہ وقت متحرک رہے گا۔