ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

خیبرپختونخوا میں بارش و برفباری، مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق: پی ڈی ایم اے

خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور برفباری کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں بڑی تعداد کم سن بچوں کی ہے۔

پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 22 جنوری سے اب تک ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے متعلق تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 7 بچے، ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں جبکہ خراب موسم کے باعث پانچ مکانات کو جزوی نقصان بھی پہنچا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، مالاکنڈ، شانگلہ اور خیبر کے اضلاع میں بارش اور برفباری کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ، گھروں کی چھتیں گرنے اور برفانی تودے کھسکنے جیسے واقعات پیش آئے، جنہوں نے قیمتی جانیں لے لیں۔ بعض علاقوں میں اچانک حادثات کے باعث امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ اضلاع میں بند شاہراہوں کو کھولنے کا کام جاری ہے اور ریسکیو و امدادی سرگرمیاں تیزی سے مکمل کی جا رہی ہیں تاکہ متاثرہ آبادی تک فوری مدد پہنچائی جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میں مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بالائی اضلاع میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ کل رات سے منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، پہاڑی علاقوں میں محتاط رہنے اور ممکنہ خطرات سے بچاؤ کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق موسمی صورتحال کے پیشِ نظر کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں