امریکا میں شدید برفباری نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 65 تک پہنچ گئی ہے۔
مشرقی امریکا میں سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے بھی نیچے چلا گیا۔ شکاگو میں درجہ حرارت منفی 14 جبکہ کلیولینڈ میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ٹینیسی اور مسیسیپی میں وقفے وقفے سے ہونے والی شدید برفباری کے باعث ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
برفانی طوفان کے بعد فضائی آپریشن بھی بری طرح متاثر ہے۔ بدھ کے روز امریکن ایئرلائنز کی 653 پروازیں منسوخ جبکہ 1,077 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔ ڈیلس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ پر بھی برفباری اور بارش کے باعث پروازوں کا نظام شدید متاثر ہوا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایئرلائنز نے عملے کو اضافی شفٹس کے لیے ڈبل تنخواہ کی پیشکش کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نیویارک اور نیو جرسی میں شدید سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ سردی کی یہ لہر آئندہ ہفتے تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
