بنگلہ دیش میں جاری انتخابات کے دوران ڈھاکہ کے ضلع گوپال گنج میں ایک پولنگ اسٹیشن پر دستی بم کے دھماکے سے ہلچل مچ گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کے ضلع گوپال گنج میں پولنگ اسٹیشن کے اندر دستی بم کے دھماکے نے انتخابات کے دوران تشویش پیدا کر دی، دھماکے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق دھماکے سے پولنگ اسٹیشن کے مرکزی دروازے کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور حالات کو کنٹرول کیا گیا۔
مقامی حکام نے کہا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کی فوری تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ آئندہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اس واقعے نے بنگلادیش میں جاری قومی پارلیمانی انتخابات کے دوران حفاظتی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کر دیا ہے، جہاں ملک بھر میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ضلع گوپال گنج میں پولنگ اسٹیشنز کے اطراف اضافی سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، جس میں 50 سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں، 12 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جن میں تقریباً 44 فیصد نوجوان شامل ہیں، ملک بھر کے 299 حلقوں میں پولنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے ہوا تھا، جو شام ساڑھے چار بجے تک جاری رہے گی۔