English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ملک کی 97 فیصد آبادی رجسٹرڈ، نادرا رپورٹ میں اہم انکشافات

القمر

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ وزارت داخلہ پاکستان میں جمع کرا دی ہے جس کے مطابق ملک کی 97 فیصد آبادی سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہو چکی ہے جبکہ رجسٹرڈ شہریوں کی مجموعی تعداد 22 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

نادرا کے ترجمان شباحت علی کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں بتایا گیا کہ رجسٹرڈ افراد میں 48 فیصد خواتین اور 52 فیصد مرد شامل ہیں جو ملک میں شناختی نظام کے دائرہ کار میں نمایاں وسعت کی نشاندہی کرتا ہے، گزشتہ ایک سال کے دوران مجموعی رجسٹریشن میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بچوں کی رجسٹریشن میں 18 فیصد اور خواتین کی رجسٹریشن میں 8 فیصد اضافہ ہوا۔

حکام کے مطابق ملک بھر میں 3 کروڑ 19 لاکھ بچوں کی پیدائش کا اندراج یونین کونسلز میں ہو چکا ہے، یہ بچے ابھی تک نادرا کے ڈیٹا بیس میں رجسٹر نہیں ہو سکے۔ اس کے علاوہ ادارے کے بائیومیٹرک نظام میں اس وقت 17 کروڑ شہریوں کے چہروں کا ریکارڈ موجود ہے، جبکہ ایک ارب 68 کروڑ فنگر پرنٹس اور تقریباً 70 لاکھ افراد کی آنکھوں کا بائیومیٹرک ڈیٹا محفوظ کیا جا چکا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ نادرا کے 938 رجسٹریشن سینٹرز ملک بھر میں فعال ہیں اور سال 2025 کے دوران مزید 75 نئے سینٹرز اور 138 اضافی کاؤنٹرز قائم کیے گئے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رجسٹریشن کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں جن کے تحت خدمات کے دائرہ کار کو بڑھایا گیا۔

مزید بتایا گیا کہ  پاک آئی ڈی  موبائل ایپلیکیشن اب نادرا کی مجموعی خدمات کا تقریباً 15 فیصد بوجھ سنبھال رہی ہے اور اس کی ڈاؤن لوڈز کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جسے ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے