English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان نے نیب چیئرمین کی تقرری کے لیے آئی ایم ایف سے پلان شیئر کردیا

القمر

اسلام آباد: پاکستان نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین کی تقرری کے طریقہ کار کا جائزہ لینے، اعلیٰ سطح کے وفاقی سول سرونٹس کے اثاثہ جات کے گوشوارے 2026 میں شائع کرنے اور اثاثوں کی خطرات پر مبنی تصدیق (رسک بیسڈ ویریفکیشن) کے نظام کو متعارف کرانے کے لیے ایک تفصیلی ایکشن پلان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ شیئر کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق نیب چیئرمین کی تقرری کے عمل پر نظرِ ثانی کی جائے گی اور اسے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن 25 فروری سے 11 مارچ 2026 تک پاکستان میں دورہ کرے گا تاکہ 7 ارب ڈالر کی ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) اور 1.4 ارب ڈالر کی ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی کے تحت ملک کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔

اس دوران گورننس، بدعنوانی کی تشخیص اور کلیدی نگراں اداروں کے سربراہوں کی تقرری کا عمل خاص توجہ کا مرکز ہوگا۔ پاکستان نے آئی ایم ایف سے اتفاق کیا ہے کہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی)، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور نیب کے سربراہان کی تقرری کے قانونی فریم ورک کا جائزہ لے کر اسے مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ میرٹ پر مبنی انتخاب کو یقینی بنایا جا سکے۔

ایس ای سی پی کے چیئرمین کی براہِ راست تقرری کے عمل کو مجوزہ ترمیمی بل میں ضابطہ بند کیا گیا ہے، جس میں سلیکشن کمیٹی کی تشکیل شامل ہے جو ممکنہ امیدواروں کی نشاندہی اور سفارش کرے گی۔ ایس ای سی پی کے قواعد کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، جس میں چیئرمین، کمشنرز اور پالیسی بورڈ ممبران کی تقرری کا مکمل طریقہ کار اور مدت مکمل ہونے سے کم از کم تین ماہ قبل تقرری کے عمل کا آغاز شامل ہوگا۔

اسی طرح سی سی پی کے قواعد میں بھی چیئرمین اور ممبران کی تقرری کے مکمل طریقہ کار اور سالانہ گورننس و شفافیت رپورٹ کی اشاعت کو یقینی بنایا جائے گا۔ توقع ہے کہ 27 جون تک اس سے مسابقتی مارکیٹ میں شفافیت اور مؤثریت میں اضافہ ہوگا، جبکہ نیب کی عوامی ساکھ اور انسدادِ بدعنوانی کے اقدامات کو بھی تقویت ملے گی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے