English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایپسٹین فائلز میں نام کے شامل ہونے پر بل گیٹس نے فاؤنڈیشن کے عملے سے معافی مانگ لی

القمر

مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے معزز ترین کاروباری شخصیات میں شمار ہونے والے بل گیٹس نے ایپسٹین فائلز میں اپنے نام کے آنے کے بعد بل گیٹس فاؤنڈیشن کے عملے سے باضابطہ معافی  مانگ لی ہے۔

بل گیٹس نے اپنے بیان میں کہا کہ ان سے ہوئی غلطیوں کا مقصد کبھی بھی فاؤنڈیشن کی انسانی بھلائی کی سرگرمیوں کو نقصان پہنچانا نہیں تھا، وہ جیفری ایپسٹین کے مبینہ جرائم میں کسی بھی طرح ملوث نہیں۔

مائیکروسافٹ کے بانی نے واضح کیا کہ ایپسٹین سے تعلقات کا مقصد صرف مخیر افراد اور فلاحی سرگرمیوں سے وابستہ نیٹ ورک سے روابط قائم کرنا تھا، نہ تو انہوں نے کوئی غیر قانونی عمل دیکھا اور نہ ہی خود کبھی کسی غیر قانونی سرگرمی میں شامل ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ ایپسٹین کے ساتھ ملاقاتوں کا آغاز 2011 میں ہوا اور اس وقت انہیں اس تعلق کی سنگینی کا مکمل ادراک نہیں تھا۔ تاہم بعد میں سامنے آنے والے شواہد اور ایپسٹین کی سرگرمیوں کی روشنی میں اب یہ معاملہ پہلے سے کہیں زیادہ سنگین محسوس ہوتا ہے۔

بل گیٹس نے مزید کہا کہ ان کی سابقہ اہلیہ ملینڈا ہمیشہ سے ایپسٹین کے معاملے کے حوالے سے گہری تشویش اور شبہات رکھتی رہی ہیں۔

واضح  رہے کہ ایپسٹین فائلز میں ایپسٹین نے خود کو بل گیٹس کا قریبی معاون قرار دیا اور بعض غیر اخلاقی سرگرمیوں میں شمولیت کا دعویٰ بھی کیا تھا،جس نے عالمی سطح پر ہلچل پیدا کر دی تھی۔

امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کی گئی دستاویزات میں تقریباً 30 لاکھ صفحات، 1 لاکھ 80 ہزار تصاویر اور 2 ہزار ویڈیوز شامل ہیں، جو ایپسٹین کے مبینہ جرائم کی تفصیل بیان کرتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے