English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تیل برآمدات اور میزائل پروگرام : امریکا کی ایران پر نئی پابندیاں عائد

القمر

واشنگٹن: امریکا نے ایران پر ایک بار پھر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں، جن میں ایرانی تیل کی برآمدات اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا نے ان جہازوں کو ہدف بنایا ہے جو ایرانی تیل فروخت کر کے ملک کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے فنڈز فراہم کرنے میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔

پابندیوں کے تحت 12 جہازوں، متعدد کمپنیوں اور افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ ان کے امریکا میں موجود اثاثے منجمد کر دیے جائیں گے جبکہ امریکی شہریوں کے لیے ان کے ساتھ مالی لین دین ممنوع ہوگا۔

یہ پابندیاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی ’زیادہ سے زیادہ دباؤ‘ مہم کے تحت عائد کی گئی ہیں۔

امریکی وزارت خزانہ کے سیکریٹری اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ایران غیر قانونی تیل فروخت کے ذریعے عالمی مالیاتی نظام کا غلط استعمال کرتا ہے، جس کے ذریعے ہتھیاروں کی خریداری اور مسلح گروہوں کی معاونت کی جاتی ہے۔

دوسری جانب امریکا نے خطے میں اپنے فوجی وسائل میں بھی اضافہ کر دیا ہے، جن میں دو ایئرکرافٹ کیریئرز اور لڑاکا طیاروں کے بڑے بیڑے شامل ہیں، تاکہ ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کے لیے تیاری کی جا سکے۔

یاد رہے کہ 2018 میں صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ہونے والے عالمی جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی، جس کے بعد ایران پر پابندیوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا۔ اس معاہدے کے تحت ایران نے اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے بدلے بین الاقوامی پابندیوں میں نرمی حاصل کی تھی۔

صدر ٹرمپ کی 2025 میں دوبارہ صدارت سنبھالنے کے بعد ایران کی تیل برآمدات کو محدود کرنے کے لیے معاشی دباؤ کی مہم کو مزید تیز کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے