English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بیرون ملک روزگار کے لیے رجسٹریشن میں 19 فیصد اضافہ

القمر

اسلام آباد: وفاقی وزارت خزانہ نے اپنی ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانی شہریوں کی تعداد میں 19 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ صرف جنوری 2026 میں 75 ہزار 663 افراد نے بیرون ملک ملازمت کے لیے رجسٹریشن کروائی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال جنوری میں بیرون ملک جانے والوں کی تعداد 63 ہزار 559 تھی، جس کے مقابلے میں رواں سال واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ملکی معیشت میں استحکام کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں، میکرو اکنامک استحکام بہتر ہوا ہے اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی آئی ہے۔

 وزارت خزانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ عوامی ریلیف کے لیے 38 ارب روپے کا رمضان ریلیف پیکج فراہم کیا گیا ہے، جنوری 2026 میں مہنگائی کی شرح 5.8 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ رواں ماہ مہنگائی 6 سے 7 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مہنگائی میں ممکنہ اتار چڑھاؤ کی وجہ جیو پولیٹیکل غیر یقینی صورتحال اور عالمی اجناس کی قیمتوں میں ردوبدل کو قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بڑی صنعتوں کی پیداوار میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران 4.8 فیصد بہتری آئی۔ مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ترسیلات زر میں 11.3 فیصد اضافہ ہوا اور جولائی تا جنوری ترسیلات زر کا مجموعی حجم 23.2 ارب ڈالر رہا۔ تاہم اسی عرصے میں برآمدات 5.5 فیصد کمی کے بعد 8.3 ارب ڈالر رہیں جبکہ درآمدات میں 9.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید بتایا گیا کہ جولائی تا جنوری کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، جبکہ براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 41 فیصد کمی کے بعد 98 کروڑ ڈالر رہی۔

وزارت خزانہ کے مطابق اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 11.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 16.2 ارب ڈالر ہو گئے۔ 6 ماہ کے دوران ٹیکس ریونیو 10.5 فیصد اضافے سے 7 ہزار 176 ارب روپے تک پہنچ گیا جبکہ نان ٹیکس ریونیو 6.8 فیصد کمی کے ساتھ 3 ہزار 847 ارب رو پے ریکارڈ کیا گیا۔

کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی کم ہو کر 638 ارب روپے رہی، پالیسی ریٹ کم ہو کر 10.5 فیصد کی سطح پر آ گیا جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 48 فیصد بہتری کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 68 ہزار 893 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 26 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر 25 ہزار 554 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جو کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا عندیہ ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے