امریکی فضائیہ کا ایک ایف-15 لڑاکا طیارہ مبینہ طور پر کویت میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ امریکی اور کویتی حکام کی جانب سے ابھی تک تصدیق نہیں کیا گیا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایف-15 لڑاکا طیارے کا پائلٹ ایجکٹ کرنے میں کامیاب رہا اور اسے زخمی حالت میں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں طیارے کے گرنے کے بعد نکلتے ہوئے آگ کے شعلے واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں، جس سے حادثے کی شدت کا اندازہ ہوتا ہے۔
یہ واقعہ اسی ہفتے پیش آنے والے کشیدہ حالات کا حصہ ہے، جب امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ فضائی کارروائیوں کے بعد ایران نے اپنی جوابی کارروائیاں تیز کر دی تھیں۔
ایرانی فوج کے مطابق کویت سمیت خلیج کے دیگر ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا اور کویت میں موجود امریکی اڈے کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا، جس سے امریکی فوج کی خطے میں آپریشنل صلاحیت پر اثر پڑا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ حملہ ایران کی جانب سے خطے میں امریکی اور اتحادی افواج کے خلاف مضبوط پیغام ہے اور اس سے خلیج میں تناؤ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ امریکی اور اسرائیلی افواج کی حالیہ کارروائیوں اور ایران کے جوابی حملوں کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے، جہاں کسی بھی لمحے صورت حال غیر متوقع رخ اختیار کر سکتی ہے۔
اس واقعے نے عالمی برادری کی توجہ کو دوبارہ مشرقِ وسطیٰ کی طرف مرکوز کر دیا ہے، جہاں بین الاقوامی ذرائع نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل اور سفارتی ذرائع کے ذریعے تنازع کو حل کرنے کی کوشش کریں تاکہ علاقائی اور عالمی سطح پر مزید بحران پیدا نہ ہو۔
