English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ اسمبلی میں ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے خلاف قرارداد جمع

القمر

کراچی:سندھ اسمبلی میں ایران پر مبینہ امریکی و اسرائیلی حملوں کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے ایک مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی، جس میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور عالمی برادری سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔

یہ قرارداد سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی پاکستان کے رکن اسمبلی محمد فاروق کی جانب سے جمع کرائی گئی، قرارداد کے متن میں ایران کے سپریم کمانڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی شدید مذمت کی گئی اور اسے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکے ہیں اور ان کی جانب سے ایران میں اسکولوں، اسپتالوں اور رہائشی علاقوں پر بمباری انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

 محمد فاروق نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ بچوں اور طالبات سمیت ہزاروں بے گناہ شہریوں کا قتل عام کیا گیا، جو بین الاقوامی انسانی قوانین کے منافی ہے۔

قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے اور کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کے مترادف ہے، عالمی قوانین کے مطابق جنگ کے دوران کسی ملک کے سربراہ کو نشانہ بنانا ممنوع ہے، لہٰذا اس اقدام کی بھرپور مذمت کی جانی چاہیے۔

قرارداد میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ عالمی قوانین کی پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے فوری جنگ بندی کرائے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کرے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے