کیف:یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین خلیجی ممالک کو ایران کے ڈرونز اور میزائلوں سے بچاؤ میں مدد دینے کے لیے اپنے ماہرین بھیجنے پر غور کر رہا ہے۔
میڈیا کو جاری بیان میں صدر زیلنسکی نے بتایا کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران انہوں نے متحدہ عرب امارات، قطر، اردن اور بحرین کے رہنماؤں سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ یوکرین نے روس کے ساتھ جنگ کے دوران ڈرونز اور میزائل حملوں کا سامنا کیا ہے اور اس تجربے کی بنیاد پر یوکرین کے ماہرین ایسے خطرات سے نمٹنے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں، اسی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے خلیجی ممالک کی مدد کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔
یوکرینی صدر نے بتایا کہ اس حوالے سے انہوں نے اپنے وزرا اور فوجی کمانڈروں کے ساتھ بھی مشاورت کی ہے تاکہ ایسا لائحہ عمل تیار کیا جائے جس کے ذریعے دوست ممالک کی مدد بھی کی جا سکے اور یوکرین کی اپنی سلامتی اور خودمختاری پر بھی کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق اگر ضرورت پڑی تو یوکرین کے دفاعی ماہرین خلیجی ممالک کے ساتھ مل کر ڈرونز اور میزائل حملوں کے خلاف دفاعی نظام کو بہتر بنانے میں تعاون کر سکتے ہیں۔
صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ یوکرین کا مقصد انسانی جانوں کا تحفظ اور خطے میں کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں سلامتی کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
