English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں 15دہشت گرد مارے گئے

القمر

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی 2 علیحدہ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 15 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 5 مارچ کو ضلع ہرنائی میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 12 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بسیمہ میں کیا گیا جہاں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے مختلف ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔

شدید مقابلے کے بعد 3 بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزم استحکام کے مطابق ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے