English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکی فوج کی اچانک حکمتِ عملی میں تبدیلی، بڑی تربیتی مشق منسوخ

القمر

واشنگٹن:امریکی فوج نے ایک اہم تربیتی مشق اچانک منسوخ کرتے ہوئے ہزاروں فوجیوں کو فوری تعیناتی کے لیے تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے، جس کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں ممکنہ امریکی فوجی سرگرمیوں سے متعلق قیاس آرائیاں شدت اختیار کر گئی ہیں۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ایلیٹ ائیربورن ڈویژن کے ہیڈکوارٹر کی ایک بڑی تربیتی مشق منسوخ کر دی گئی۔ اس مشق کے تحت فوجی دستوں کو ریاست لوزیانا منتقل ہونا تھا، اچانک فیصلے کے تحت انہیں وہاں جانے کے بجائے نارتھ کیرولائنا میں ہی قیام کرنے کی ہدایت دی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس ڈویژن کی ایک بریگیڈ، جس میں تقریباً چار سے پانچ ہزار فوجی شامل ہیں، کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور یہ یونٹ صرف اٹھارہ گھنٹوں کے اندر کسی بھی مقام پر تعینات ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی فوج جلد ہی اسی ڈویژن کے ایک ہیلی کاپٹر یونٹ کی مشرقِ وسطیٰ میں پہلے سے طے شدہ تعیناتی کا باضابطہ اعلان بھی کر سکتی ہے، خطے میں جاری کشیدگی کے پیش نظر امریکی فوج اپنی فوجی تیاریوں کو تیز کر رہی ہے۔

دوسری جانب امریکی عوام کی بڑی تعداد نئی زمینی فوجی مداخلت کے خلاف دکھائی دیتی ہے۔ ایک حالیہ سروے کے مطابق صرف بارہ فیصد امریکی شہری مشرقِ وسطیٰ میں امریکی زمینی فوج بھیجنے کے حامی ہیں، جبکہ تقریباً ساٹھ فیصد افراد اس کی مخالفت کرتے ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے